بی آر ٹی کی 158بسیں صرف 32ہزار روپے میں نجی کمپنی کے سپرد، معاہدہ طے پاگیا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میٹرو بس منصوبے (بی آر ٹی)میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اور ایک نجی کمپنی کے مابین معاہدے میں طے پایا ہے کہ حیران کن طور پر بی آر ٹی کی 158بسیں 10سال بعد صرف 32ہزار روپے میں اس نجی کمپنی کو دے دی جائیں گی۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت اور نجی کمپنی کے درمیان بسوں کی حوالگی کا یہ معاہدہ 2سال قبل طے پایا تھا۔
اس معاہدے کے تحت بی آر ٹی کی اربوں روپے مالیت کی بسیں 10سال بعد کوڑیوں کے بھاﺅ نجی کمپنی کے حوالے کی جائیں گی۔پشاور بی آر ٹی کی 158بسیں صرف 32ہزار روپے کی ادائیگی سے نجی کمپنی کی ملکیت بن جائیں گی۔ معاہدے کے مطابق بڑی بس کی قیمت 288روپے اور چھوٹی بس کی قیمت صرف 144روپے طے کی گئی ہے، جو 10سال بعد کمپنی صوبائی حکومت کو ادا کرے گی، حالانکہ بی آر ٹی روٹ پر چلنے والی ایک بس کی قیمت 4کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
ٹرانس پشاور کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فیاض خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12سال یا 12لاکھ کلومیٹر چلنے کے بعد بسیں کمپنی کو دینے کی شق معاہدے میں شامل ہے۔ مدت پوری ہونے پر بسیں نجی کمپنی کو دینے سے حکومت کو کوئی نقصان نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فی کلومیٹر ریٹ کے رعایتی نرخ بھی معاہدے میں شامل کیے گئے ہیں۔ بی آر ٹی ملک کے دیگر شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس کی طرح لیز ماڈل پر چلائی جا رہی ہے۔
0 Comments